اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحدی گذرگاہیں بند کردیں

اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحدی گذرگاہیں بند کردیں

  

مقبوضہ یروشلم(ثناء نیوز)اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع دو سرحدی گذرگاہوں کو لوگوں اور اشیا کی آمد ورفت کے لیے تاحکم ثانی بند کردیا ہے۔اسرائیلی فوج کی ایک خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایریز اور کیرم شالوم کراسنگ پوائنٹس کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔البتہ ان دونوں داخلی راستوں سے صرف انسانی امداد غزہ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ترجمان نے کہا ہے کہ یہ اقدام جمعہ کو غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے جنوبی علاقے کی راکٹ فائر کیے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔یہ راکٹ ایشکول کے علاقے میں گرا تھا لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔16 ستمبر کے بعد غزہ سے اسرائیل کی جانب یہ پہلا راکٹ فائر کیا گیا ہے اور غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ پچاس روزہ جنگ کے خاتمے کے بعد یہ دوسرا راکٹ حملہ ہے۔اب صہیونی فوج کے اقدام کے بعد اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ادھر غرب اردن کے علاقے میں بھی اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان سخت کشیدگی پائی جارہی ہے اور انتہا پسند یہودی مسلمانوں کے متبرک مقام اورپہلے قبلہ اول مسجد اقصٰی کے احاطے میں دراندازی کی کوشش کررہے ہیں۔فلسطینی اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ اسرائیل مسجد الاقصٰی کی حیثیت کوتبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے اور وہ مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیانے کی پالیسی پر بھی عمل پیرا ہے جس پرفلسطینیوں میں سخت اشتعال پایاجاتا ہے اور ان کی حالیہ دنوں کے دوران صہیونی سکیورٹی فورسز کے ساتھ متعدد مرتبہ جھڑپیں ہوئی ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -