حکومت نے ہر ہفتے اوسطاً 30ارب 82کروڑ روپے کا قرضہ لیا ،سٹیٹ بینک

حکومت نے ہر ہفتے اوسطاً 30ارب 82کروڑ روپے کا قرضہ لیا ،سٹیٹ بینک

  

                 کراچی(این این آئی)حکومت نے اپنے دور اقتدار میں اوسطا ہر ہفتے 30 ارب 82 کروڑ روپے کا قرض لیا ہے ، جون 2013سے ستمبر 2014 کے اختتام تک ہر ہفتے اوسطا 24 ارب 24 کروڑ روپے اندرونی ذرائع سے جبکہ 6 ارب 58 کروڑ روپے بیرونی ذرائع سے قرض لیا گیا ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے گزشتہ 65 ہفتوں میں مجموعی طور پر 20 کھرب 3 ارب 60کروڑ روپے کے قرضے لیے ان میں سے 15 کھرب 75 ارب 50 کروڑ روپے اندرونی ذرائع سے لیے گئے جبکہ 428 ارب 10 کروڑ روپے کے غیر ملکی قرضے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی قرضوں میں سے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 214 ارب 90 کروڑ روپے قرض لیا گیا جبکہ 17 کھرب 88 ارب 70 کروڑ روپے کے قرضے گزشتہ مالی سال کے 12 ماہ میں لیے گئے تھے ۔ اندرونی ذرائع سے لیے گئے قرضوں میں سے 189 ارب 40 کروڑ روپے کے قرضے رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں لیے گئے جبکہ 15 کھرب 75 ارب 50 کروڑ روپے کے قرضے گزشتہ مالی سال کے دوران لیے گئے تھے ۔ بیرونی قرضوں میں سے 25 ارب 60 کروڑ روپے کا قرض رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں لیا گیا جبکہ 402 ارب 50 کروڑ روپے کے قرضے گزشتہ مالی سال کے دوران لیے گئے۔

مزید :

کامرس -