واہگہ بارڈر پر پریڈ تقریب ، ہزاروں شہریوں کی شرکت ،فضاءنعروں سے گونج اٹھی

واہگہ بارڈر پر پریڈ تقریب ، ہزاروں شہریوں کی شرکت ،فضاءنعروں سے گونج اٹھی

  

                      لاہور (کرائم سیل) واہگہ بارڈر پر خودکش حملہ بھی پاکستانیوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد پریڈ دیکھنے کیلئے واہگہ بارڈر پر پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق واہگہ پریڈ گراﺅنڈ عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں شہری پریڈ دیکھنے کیلئے آئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق تقریب میں کور کمانڈر لاہور، ڈی جی رینجرز اور ایس پی سی آئی اے بھی شریک ہوئے ہیں۔ پریڈ کے دوران شرکاءکی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعر ے لگائے گئے اور واہگہ کی فضاءپاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔دوسری طرف کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ واہگہ بارڈر پر پریڈ کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل نوید زمان نے گزشتہ روز کے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہارکیا اور کہا کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداءکو جوار رحمت میں جگہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں سے اس قوم کا جذبہ کم نہیں کیا جا سکتا، بارڈر کے دوسری طرف تو سانپ سونگھا ہوا ہے لیکن زندہ دلان لاہور کے جوش و جذبے نے ثابت کر دیا کہ اس قوم کے حوصلے بلند ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -