پاکستان نے 32برس بعد آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں" وائٹ واش" کر دیا

پاکستان نے 32برس بعد آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں" وائٹ واش" کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

        ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میں 356 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دےکر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ یہ پاکستان کی رنز کے اعتبار سے بڑی فتح ہے۔ شاہینوں نے 32 برس بعد کینگروز کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا ہے جبکہ یہ گرین شرٹس کی 20 برس بعد کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پہلی فتح ہے۔ پاکستان نے 1982-83ءمیں کینگروز کو ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کیا تھا جبکہ گرین شرٹس نے آخری بار 1994ءمیں منعقدہ ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔ پاکستانی سپنرز کی عمدہ باﺅلنگ کے سامنے کینگروز ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 246 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کے سوا آسٹریلیا کا کوئی بھی بلے باز گرین شرٹس کے سپنرز کا مقابلہ نہ کر سکا، سمتھ نے مشکل وقت میں مزاحتمی بیٹنگ کر کے اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم 97 کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ نے ان کی شاندار اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ ذوالفقار بابر نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 5، یاسر شاہ نے 3 اور محمد حفیظ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مصباح الحق میچ اور یونس خان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو ابوظہبی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلوی ٹیم نے 143 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 460 رنز درکار تھے، سمتھ 38 اور مچل مارش 26 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے دن کا محتاط انداز سے آغاز کیا، یہ پارٹنر شپ پاکستان کی فتح کی راہ میں رکاوٹ بن رہی تھی کہ 208 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ نے مارش کی اننگز کا خاتمہ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، مارش 47 رنز بنا کر چلتا بنے، کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے اپنی دوسری گیند پر سٹیون سمتھ کی شاندار اننگزکا خاتمہ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، سمتھ صرف 3 رنز کے فرق سے کیریئر کی پانچویں سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے۔ سمتھ کے آﺅٹ ہونے کے بعد کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر پاکستانی سپنرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 246 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بریڈ ہیڈن 13، مچل جانسن صفر، مچل سٹارک 2 اور اور نیتھن لائن صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ ذوالفقار بابر نے 5، یاسر شاہ نے 3 اور حفیظ نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -