شہدائے کربلانے جرات اوربہادری کی لازوال داستان رقم کی‘ شہباز شریف

شہدائے کربلانے جرات اوربہادری کی لازوال داستان رقم کی‘ شہباز شریف

  

لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کربلا میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اوران کے جانثار ساتھیوں کی شہادت سے صبرو تحمل ،رواداری ،ایثار اورقربانی کا درس ملتا ہے۔شہدائے کربلا نے حق و سچ کا علم بلند کرنے کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور ان کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اوران کے جانثاروں نے میدان کربلا میں باطل کے سامنے ڈٹ کر جرات اوربہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ان کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں ،امن پسندی ، صبر،برداشت اوراخلاقی اقدار کو قیامت تک کیلئے زندہ کردیا ہے اور بلاشبہ انہی سنہری تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر پرامن معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے ۔ دہشت گردی کی آگ نے پورے ملک کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔دشمن ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتاہے ۔ ہمیں اتحاد کی قوت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم عاشور کا ایک پیغام یہ بھی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنے تمام تر اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو تاکہ ملک وقوم کے دشمنوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے شکست دی جاسکے اور وطن عزیز حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بن سکے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے رواداری ، اخوت اورقومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اورمیں سمجھتا ہوں کہ موجودہ حالات میں فلسفہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

ہمیں اتحاد کی قوت سے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے، وزیر اعلی ٰشہبازشریف یوم عاشور پر پیغام

مزید :

صفحہ آخر -