قوم کوشر پسند عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا ، آصف زرداری

قوم کوشر پسند عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا ، آصف زرداری

  

کراچی (آئی این پی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر قوم ظلم، بے انصافی اور مذہبی عدم برداشت کا پرچار کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کھڑے ہونے کا عہد کرے ‘ قوم ان عناصر سے خبردار رہے جو مذہبی ہم آہنگی کو ختم کر کے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں ‘ حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہر حال میں ظلم، جبر اور تشدد کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کرنی چاہیے۔ یوم عاشور پر قوم کے نام اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جو افراد اور اقوام بے انصافی، تشدد، ظلم اور جبر کے خاتمہ کے لئے کوشاں ہیں۔ حضرت امام حسینؓ کی قربانی اور ان کا اعلیٰ کرداران کے لئے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ راہِ حق میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے حضرت امام حسینؓ نے ایسی مثال قائم کی ہے کہ انسانی تاریخ اس کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہر حال میں ظلم، جبر اور تشدد کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کرنی چاہیے۔ سابق صدر پاکستان نے کہا کہ جو عناصر تشدد اور جبر کے ذریعے اپنا ایجنڈا معصوم اور پرامن لوگوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ان عناصر کے ناپاک منصوبوں اور مذموم ارادوں کو ناکام بنانے کے لئے پاکستانی قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہونے کی ضرورت ہے۔اس وقت وطنِ عزیز کے نازک حالات اس امر کا تقاضا کرتے ہیں کہ ساری پاکستانی قوم پورے خلوص کے ساتھ حضرت امام حسینؓ کے نقشِ قدم پر چلنے کا عہد کرے ۔

مزید :

صفحہ آخر -