موت کی خبر دینے کی دعویدار حیرت انگیز موبائل ایپ، قیمت ایک ڈالر
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) موت دنیاوی زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہے اور ہر ذی روح نے بالآخر اس دنیا سے رخصت ہونا ہے۔ انسان مدتوں سے زندگی کی معیاد جاننے کی کوششوں میں لگا ہے اور خصوصاً سائنسدان اس بات پر تحقیق کرتے رہے ہیں کہ موت کے وقت کے بارے میں کچھ اندازہ قائم کیا جاسکے۔سائنس کی تاریخ میں پہلی دفعہ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک ایسی ایپ (مخصوص کام سرانجام دینے والا سافٹ ویئر پروگرام) تیار کرلی گئی ہے جو موت کے وقت کا صرف اندازہ نہیں بلکہ دن گھنٹہ، منٹ اور سیکنڈ تک بتاسکتی ہے۔ اس ایپ کے فنکشن کیلئے ایپل کمپنی کی ہیلتھ کٹ (Healthkit) ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے جو جسم کے بلڈ پریشر، درجہ حرارت، شوگر کی سطح، دل کی دھڑکن سمیت صحت کی اہم معلومات کو ریکارڈ کرتی ہے۔ اسے تیار کرنے والی کمپنی Gist LLC نے اس کا نام Deadline رکھا ہے اور یہ تقریباً ایک ڈالر (تقریباً 100 پاکستانی روپے) میں دستیاب ہے۔اسے بنانے کیلئے ایک جینیاتی پروگرام کا استعمال کیا گیا ہے جو ایپل ہیلتھ کٹ سے حاصل ہونے والی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے باقی عمر کا حساب لگائے گا۔ فی الحال یہ ایپ ایپل کمپنی کے موبائل فون اور دیگر آلات پر استعمال ہوسکتی اور اس کیلئے ios8 آپریٹنگ سسٹم ضروری ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ انسانی زندگی کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے اور اسے استعمال کرنے والا اپنے باقی وقت کی معلومات جان کر زندگی کو زیادہ صحتمند اور مثبت طریقے سے گزار سکتا ہے۔