وزیر اعظم فوری طور پر سیکورٹی فورسز کے سربراہان کا اجلاس بلائیں ،الطاف حسین

وزیر اعظم فوری طور پر سیکورٹی فورسز کے سربراہان کا اجلاس بلائیں ،الطاف حسین ...

  

                      لندن(مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ کے الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں جگہ جگہ دھماکوں اور خود کش حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے اور وزیراعظم فوری طور پر تمام سیکیورٹی فورسز کے سربراہان کااجلاس طلب کریں۔لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ واہگہ بارڈر پر ہونے والے خود کش دھماکے میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والوں کی مغفر ت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے جبکہ واقعے میں زخمی ہونےوالے افراد کو جلد ومکمل صحت یابی عطافرمائے۔ الطاف حسین نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ بم دھماکے میں ملوث سفاک دہشتگردوں اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لانے کےلئے کسی مصلحت یا کوئی کوتاہی سے کام نہ لیں کیونکہ یہ مصلحت او رکوتاہی وقتی طور پر اقتدار کو تو بچاسکتی ہے لیکن یہ دھوکہ بازی کاعمل ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جاسکتا ہے۔الطاف حسین کا کہنا تھا حالات تیزی سے بگڑتے جا رہے ہیں، جگہ جگہ دھماکوں اور خودکش حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، حکومت کے پاس اتنی انٹیلی جنس نہیں کہ وہ صورتحال پر نظر رکھ سکیں، اسلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف فوری طور پر تمام سیکیورٹی فورسز کے سربراہان کا اجلاس طلب کریں اور ایک آرڈیننس منظور کریں جس میں پورے پاکستان کے ہر شہر سے مقتدر آدمی جس کا انتخاب علاقے کے عوام کریں گے جس کو دہشتگردوں پر نظر رکھنے کےلئے ایک ٹیم بنانے کی اجازت دی جائے اورانہیں قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت بھی دی جائے تاکہ وہ مسلح دہشتگردوں سے نمٹ سکیں کیونکہ خالی ہاتھ مسلح افراد سے لڑا نہیں جاسکتا۔اگر وزیر اعظم کو ان کی یہ تجویز ٹھیک نہ لگے تو اسکا کوئی اور حل نکالیں کیونکہ فوج تن تنہا ان تمام مسائل سے نہیں نمٹ سکتی۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذاتی مصروفیات ترک کرکے محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور تعزیوں کی مکمل طور پر حفاظت کریں، اسکے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے کیمپس لگائے جائیں جہاں ماہر ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف اور ایمبولینس بھی موجود ہوں تاکہ ماتمی جلوس، عزاداروں اور تعزیہ کے جلوس کے شرکاءکو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

مزید :

علاقائی -