ایس پی انویسٹی گیشن نے یوم عاشور کے روٹس کا فضائی دورہ کیا
لاہور (کرا ئم سیل ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس کے حکم اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے ہدایت پر ایس پی صدر انویسٹی گیشن ڈاکٹر محمد اقبال نے یوم عاشورہ کے سلسلہ میں روٹس کا فضائی دورہ کیا۔ ایس پی صدر انویسٹی گیشن ڈاکٹر محمد اقبال کے ہمراہ کرنل احسان اور کیپٹن وسیم بھی تھے ،ان افسران نے لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ کا فضائی دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن صدر ڈاکٹر محمداقبال نے پاک فوج کے افسران کرنل احسان اور کیپٹن وسیم کے ہمراہ یومِ عاشورہ کے سلسلہ میں لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ کا فضائی دورہ کیا۔فضائی دورہ کے دوران افسران نے یومِ عاشورہ کی ڈیوٹی پوائنٹس کو چیک کر کے اہم مقامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور غیر معمولی مقامات پر سکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کے حوالہ سے رپورٹ تیار کی جو پولیس حکام کو پیش کی جائے گی۔ یومِ عاشورہ پرتمام اعلیٰ پولیس افسران مرکزی جلوس کے روٹ کا فضائی دورہ بھی کریں گے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ کے پاس ہیلی کاپٹرز بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس افسران پورے شہر میں مختلف مقامات پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور پولیس افسران و اہلکاروں کی مجالس اور جلوس کے شروع اور اختتام تک موقع پر موجودگی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔