موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے ہمیں امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا:صدر

موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے ہمیں امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا:صدر
موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے ہمیں امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا:صدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) صدر ممنون حسین کا کہنا ہے کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں اختلافات بھلا کر محبت ، رواداری ، برداشت ، امن ، سلامتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔
یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ماہِ محرم ان محترم و مکرم مہینوں میں سے ہے جو خصوصی احترام کے حامل ہیں۔ یومِ عاشورہ ہمیں واقعہ کربلا و شہدائے کربلا کی عظیم و لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ جس میں سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور انکے جاں نثار رفقاءکو شہید کیا گیا تھا، واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، اعلیٰ مقاصد کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ یہی وہ عمل ہے جسے تاریخ نے اسوہ شبیری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام سے موسوم کیا ہے۔
صدرممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ آج وطن عزیز جن حالات سے گزر رہا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کےلئے ہمیں ہر طرح کے اختلافات کو بھلا کر محبت ، رواداری ، برداشت ، امن ، سلامتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا کیونکہ اسی طرح سے پاکستان میں امن و خوشحالی آ سکتی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو اپنے مفادات کےلئے قوم کے اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کردینا چاہتے ہیں۔ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم ہر قسم کے تعصبات اور مفادات سے بالا تر ہوکر ہر وہ کام کریں گے جو جمہوری اور اسلامی اقدار کے فروغ کا باعث بنے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مفید ہو اور دہشت گردی، انتہا پسندانہ سوچ و نظریات کی حامل قوتوں کے سدّباب کےلئے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

مزید :

اسلام آباد -