سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں مسلح افراد کا حملہ ، پانچ جاں بحق

سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں مسلح افراد کا حملہ ، پانچ جاں بحق
سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں مسلح افراد کا حملہ ، پانچ جاں بحق

  

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 5 افراد کو ہلاک اور 14 کو زخمی کر دیا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے ضلعے الاحسا کے گاﺅں الدلوا میں ماسک پہنے 3 نامعلوم افراد نے ایک عبادت گاہ سے باہر نکلنے والے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور14 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور بہت جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق سعودی سیکیورٹی فورسز نے ایک گاڑی قبضے میں لی ہے جس سے آٹومیٹک ہتھیاربر آمد ہوئے ہیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ میں زخمی اور جاں بحق ہونیوالوں میں زیادہ تر نوجوان شامل تھے جو عبادتگاہ کے باہر کھڑے تھے ،ایسا محسوس ہورہا تھا کہ فائرنگ کر نیوالے جلدی میں تھے جو فائرنگ کرنے کے فوری  بعد ہی فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بغاوت کے الزام میں مقامی مذہبی  رہنما نمر النمر کو پھانسی دینے کے بعد الاحسا کے علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی اور النمر کی پھانسی کے بعد مشتعل افراد نے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی جبکہ تیل کی پائپ لائن کو بھی آگ لگا دی تھی۔

مزید :

بین الاقوامی -اہم خبریں -