رونالڈو اور میسی میں نئے ریکارڈ کے حصول کی دوڑ تیز ہوگئی

رونالڈو اور میسی میں نئے ریکارڈ کے حصول کی دوڑ تیز ہوگئی
رونالڈو اور میسی میں نئے ریکارڈ کے حصول کی دوڑ تیز ہوگئی

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )دنیا میں شاید چند ہی لوگ ایسے ہوں گے جو لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے نام سے ناواقف ہوں ، گزشتہ کئی سالوں سے دنیائے فٹ بال پر حکمرانی کرنے والے ان دونوں کھلاڑیوں کو شائقین نے ایک دوسرے کا حریف بنا دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب کبھی بھی بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کا میچ ہوتا ہے تو شائقین کی توجہ کا اصل مرکز انہی کا کھیل ہوتا ہے،دونوں کھلاڑیوں کی عظمت سے کسی کو انکار نہیں ہے اورہر گزرتے دن کے ساتھ نئے ریکارڈز کا اضافہ ہوتا جا رہا ہے، درحقیقت لیگ فٹ بال میں شاید ہی کوئی ایسا ریکارڈ ہو جو ان دونوں کھلاڑیوں کی دسترس میں نہ ہو۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان دنوں لیگ فٹ بال کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ چیمپئنز لیگ جاری ہے اور اس کےساتھ ہی دونوں کھلاڑیوں میں بھی ایک نئے مقابلے نے جنم لیا ہے۔چیمپئنز لیگ فٹ بال میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ سپین کے عالمی شہرت یافتہ سابق سٹار راﺅل کے پاس ہے لیکن اب یہ ریکارڈ بھی دونوں کھلاڑیوں کی دسترس سے زیادہ دور نہیں ہے ۔چیمپئنز لیگ میں رونالڈو نے 70 گول سکور کیے ہیں اور میسی 69 گول کے ساتھ ان سے زیادہ پیچھے نہیں ہیں ۔

رونالڈو کی ٹیم منگل کے روز لیورپول کی میزبانی کرے گی جبکہ بدھ کے روز میسی کی بارسلونا ایمسٹرڈیم میں ایجکس کے مدمقابل ہو گی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ کے 2013-14ءکے ایڈیشن میں 17 گول سکور کر کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا ، اس سے قبل یہ ریکارڈ لیونل میسی کے نام تھا جنہوں نے 14 گول سکور کیے تھے۔

مزید :

کھیل -