سسٹم کرپٹ ہے، گورنر ہو کر بھی لوگوں کو انصاف نہیں دے سکتا: چوہدری سرور
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گونر رپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں عوام کی حالت قابل ترس ہے، ہمارے پاس لوگ روتے ہوئے آتے ہیں کہ ہمارے گھر پر قبضہ ہو گیا ہے اور ہمیں انصاف نہیں مل رہا مگر اس ملک کا سسٹم اتنا کرپٹ ہے کہ گورنر ہو کر بھی لوگوں کو انصاف نہیں دلوا سکتا۔ ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک قیام کے دوران بھی جب کبھی پاکستان کا مفاد آیا، میں نے پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کو زلزلے کے بعد فور ی مدد کو پہنچا اور وطن واپس آ کر پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس لے کر دیا یہ میری سب سے بڑی کامیابی ہے لیکن صورت حال بہت سنگین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی بحران میں میرا کسی صورت بھی ملوث ہونا ممکن نہیں تھا،یہاں عوام سے باتیں چھپائی جاتی ہیں مگر میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کو پتا ہونا چاہئے کہ کیا ہو رہا ہے، میرا کردار مذاکارت میں ضرور تھا مگر میں اس میں ناکام ہوا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستان ہماری معیشت میں بڑا حصہ ڈالتے ہیں مگر ہمیں ان کے حقوق کے لئے بھی اب کچھ کرنا ہو گا۔