جرمن چانسلر کا ترک میڈیا پر کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار
انقرہ (اے پی پی) جرمن چانسلرانجیلا مرکل نے کہا ہے کہ ترکی میں اپوزیشن کے ایک اخبار سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی گرفتاری کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے جاری مذاکرات پر اثر انداز ہو گی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے مطابق جرمن چانسلر نے دارلحکومت برلن میں سوئٹزرلینڈ کے صدر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی یہ گرفتاریاں وہاں جاری پرانی روایت کی ایک مایوس کن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر یہ معاملہ ترک حکومت کے ساتھ ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے جاری مذاکراتی عمل پر بھی اثر انداز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے اور میری حکومت کے لیے یہ بات بہت زیادہ پریشانی کا باعث ہے کہ ترکی میں آزادی صحافت اور آزادی رائے پر بار بار قدغن لگائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ جرمن چانسلر کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب ترک حکام نے روزنامہ جمہوریت کے صحافیوں اور افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔