ایڈوائزری کمیٹیوں میں نجی شعبے کو نمائندگی دی جائے: ناصر حمید خان

ایڈوائزری کمیٹیوں میں نجی شعبے کو نمائندگی دی جائے: ناصر حمید خان

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں ،سابق سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ و دیگر کے ہمراہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ نجی شعبے کو ایڈوائزری کمیٹیوں میں نمائندگی دی جائے جس سے نہ صرف حکومت اور نجی شعبے کے درمیان بہترین ورکنگ تعلقات قائم ہونگے بلکہ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔ ملاقات کے دوران معاشی ترقی میں نجی شعبے کے کردار اور چین پاکستان اکنامک کاریڈور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نجی شعبہ معاشی ترقی کی کلید ہے لہذا اسے بہترین کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ضروری ہیں ، اگرچہ ماضی کی نسبت صورتحال بہت بہتر ہے لیکن مزید اقدامات اٹھانا ضروری ہیں۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ اکنامک گروتھ کے لیے معاشی استحکام بہت ضروری ہے لہذا اس کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے متعلقہ پالیسیوں کی تشکیل کے عمل میں تاجر برادری کو لازما شریک کیا جائے۔

مزید :

کامرس -