گلوبل کموڈیٹی مارکیٹ اہم صنعتی دھاتوں کی قیمت میں 40فیصدتک اضافہ ہوگیا
کراچی (آن لائن) گلوبل کموڈیٹی مارکیٹ میں گذشتہ ایک سال کے دوران اہم صنعتی دھاتوں کی قیمت میں 40فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ صنعتی دھات زنک کی قیمت میں ہوا جو اکتوبر2015ء کے مقابلے اکتوبر2016ء میں 686.5ڈالر میٹرک ٹن ریکارڈ ہوا جبکہ قیمت میں اضافے کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر صنعتی دھات فولادی جستہTin)) رہی جسکی قدر میں37فیصد اور اسٹیل کی قیمت میں24فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔بینک دولت پاکستان کے مطابق ماہ اکتوبر2015ء میں صنعتی دھات زنک کی فی میٹرک ٹن قیمت1710ڈالر تھی جو اکتوبر2016ء میں بڑھ کر2396.5ڈالر فی میٹرک ٹن پر جا پہنچی اسی طرح زیر تبصرہ مدت میں ٹن کی قیمت میں5655 ڈالر فی میٹرک ٹن کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں فولادی جستہ کی قیمت 14995 ڈالرفی میٹرک ٹن سے بڑھ کر20650ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی۔اعداد و شمار کے مطابق فولاد ایچ آر کوائل اسٹیل کی قیمت95ڈالر کے اضافے سے492ڈالر فی میٹرک ٹن رہی جبکہ گذشتہ ایک سال کے دوران یعنی ماہ اکتوبر2015ء کے مقابلے ماہ اکتوبر2016ء میں سفید دھات اور لیڈ کی قیمت میں بالترتیب 370،370ڈالر فی میٹرک ٹن کا اضافہ ہوا ۔اس اضافے سے سفید دھات کی فی میٹرک ٹن قیمت10430ڈالر اور لیڈ کی قیمت2065ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی ۔ مرکزی بینک کے مطابق گذشتہ ایک سال میں ایلومینیم 240.5ڈالر کے اضافے سے1719ڈالر فی میٹرک ٹن ہو گئی تاہم 269ڈالر کی کمی سے زیر تبصرہ عرصے میں تانبے کی فی میٹرک ٹن قیمت 5112سے گھٹ کر 4843ڈالر پر آگئی ۔۔