فیصل آباداوراٹلی کے مابین براہ راست تجارتی وفود کا تبادلہ کیا جائے

فیصل آباداوراٹلی کے مابین براہ راست تجارتی وفود کا تبادلہ کیا جائے

  

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے فیصل آباد اور اٹلی کے درمیان براہ راست تجارتی وفود کے تبادلوں پر زور دیا ہے ۔ وہ اٹالین ٹریڈ ایجنسی کے ڈپٹی ٹریڈ کمشنر اے آر داؤد پوتا سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں ٹیکسٹائل کو کلیدی اہمیت حاصل ہے جبکہ 13 ارب ڈالر کی مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات میں صرف فیصل آباد کا حصہ 6 ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے فیصل آباد کو پاکستان کا صنعتی، تجارتی اور کاروباری محور و مرکزقرار دیا اور کہا کہ ملک کے عین وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے یہاں سے پوری دنیا تک رسائی انتہائی آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی صنعتی، کاروباری ، تجارتی اور برآمدی اہمیت کے پیش نظر اٹلی سے آنے والے تمام تجارتی وفود کو فیصل آباد کا بھی دورہ کرنا چاہیئے تا کہ وہ متعلقہ سیکٹر کے صحیح کاروباری لوگوں سے براہ راست بات چیت کر سکیں جن میں ٹیکسٹائل سرفہرست ہے۔ اس سے نہ صرف اٹلی بلکہ پاکستان کے تاجروں کو بھی فائدہ ہوگا۔ اے آر داؤد پوتا نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اٹلی کا 58 رکنی سرکاری تجارتی وفد5 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ اس وفد میں ہر سیکٹر کے کاروباری لوگوں کے علاوہ مختلف ایسوسی ایشنوں کے سربراہ بھی شامل ہونگے۔ انہوں نے فیصل آباد کے تاجروں کو اٹلی کے وفد سے براہ راست ملاقات کی دعوت دی اور بتایا کہ 5 نومبر کو ہی سرینا ہوٹل اسلام آباد میں مختلف سیکٹر کے بارے میں الگ الگ سیمینار ہونگے جبکہ 6 نومبر کی صبح کو اٹلی کے وفد کے ارکان مقامی تاجروں سے ملیں گے۔ اس کے بعد یہ وفد لاہور چلا جائیگا جہاں اگلے روز اس کی مقامی تاجروں سے بی ٹو بی میٹنگز ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی پاکستان سے دو طرفہ تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے۔

اور اس سلسلہ میں آئند ہ سال جنوری میں آنے والا وفد فیصل آباد کا بھی دورہ کرے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر انجینئر احمد حسن نے اس ادارے کا تعارف کرایا اور بتایا کہ اس کے ممبران کی تعداد 5000 ہے۔ حکومت کی طرف سے برآمدات بڑھانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد چیمبر نے بھی اس سال 6 وفد دنیا کے مختلف ملکوں کو بھیجے جن میں سے 3 نے اٹلی کا بھی دورہ کیا۔ اسی طرح فیصل آباد چیمبر کا ایک اور وفد 20 نومبر کو بھی اٹلی جا رہا ہے۔ فیصل آباد چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فارن آفیئرز اینڈ انٹرنیشنل ٹریڈ ڈیلی گیشنز کے چیئرمین انجینئر سہیل بن رشید نے اٹالین ٹریڈ ایجنسی کا دفتر فیصل آباد میں بھی کھولنے کا مطالبہ کیا تا کہ فیصل آباد اور اٹلی کے درمیان براہ راست تجارت کو بڑھایا جا سکے۔

مزید :

کامرس -