مظفر گڑھ میں تھل جیپ ریلی کیلئے 70 گاڑیوں کی رجسٹریشن ‘ ریلی کیلئے اس کے اطراف طلباء کو کھڑا کرکے پھول کی پتیاں نچھاور کرنیکی ہدایت‘ والدین کا ضلعی انتظامیہ کے فیصلہ کیخلاف شدید احتجاج

مظفر گڑھ میں تھل جیپ ریلی کیلئے 70 گاڑیوں کی رجسٹریشن ‘ ریلی کیلئے اس کے اطراف ...

  

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر+نامہ نگار) ڈی سی او مظفرگڑھ شوکت علی نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں ہونے والی تھل جیپ ریلی کیلئے (بقیہ نمبر66صفحہ12پر )

گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے ،تھل جیپ ریلی کیلئے 70گاڑیوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے ، جس میں ملک کے نامور ڈرائیورنادر مگسی، محمد علی سلطان ، رونی پٹیل، سردار حسن صادق، راشد عبداللہ ، جام کمال، اسد کھوڑو، نعمان سرانجام، انس خاکوانی ، اویس خاکوانی ، محمود مجید اور زین مجید شامل ہیں، اے ڈی سی مہر خالد نے بتایا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی ٹیکنکل جانچ پڑتال، ڈرائیوروں کا میڈیکل چیک اپ، گاڑیوں کی ٹیگنگ کا مرحلہ بھی مکمل ہوچکا ہے، کوالیفائی روانڈ کیلئے قرعہ اندازی کی گئی ہے،انہوں نے بتایا کہ کوالیفائی راؤنڈ کل صبح 8بجے چھانگا مانگا ٹیلہ ہیڈمحمد والہ سے شروع ہو گا، جس کیلئے 3کلو میٹر کا ٹریک تیار کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کی رونق بڑھانے کے لئے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحصیل مظفرگڑھ اور تحصیل کوٹ ادو کے سرکاری سکولوں کے طلباء کو ہیڈ محمد والہ سے شروع ہونے والی تھل جیپ ریلی کے لئے بنا ئے گئے ٹریک کے دونوں اطراف کھڑا کریں جوکہ اس جیپ ریلی کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہو ئے پھول پتیاں نچھاور کریں گے۔محکمہ تعلیم کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں کے سکاؤٹس کو بھی سکاؤٹ وردیوں میں ریلی کے ٹریک کے دونوں اطراف کھڑ اکرنے کے لئے لایا جائے ۔ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کی اطلاع ملتے ہی سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم طلباء کے والدین نے احتجاج کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ٹریک کے دونوں اطراف تماشائی کھڑے کرنے کے متبادل انتظامات کرے اور سکولوں کے طلباء کو ٹریک کے دونوں اطراف کھڑے کرنے کا فیصلہ واپس لے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -