شارجہ ٹیسٹ کالی آندھی کے نام، سیریز میں پاکستان فاتح

شارجہ ٹیسٹ کالی آندھی کے نام، سیریز میں پاکستان فاتح

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ویسٹ انڈیز نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر گرین کیپس کو دورے میں تیسرے وائٹ واش کے اعزاز سے محروم کر دیا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 154 رنز کا ہدف باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے سیریز میں واحد فتح حاصل کی۔ تیسرے ٹیسٹ کے آخری روز میچ جیتنے کے لیے ویسٹ انڈیز کو 39 رنز جب کہ پاکستان کو 5 وکٹیں درکار تھیں تاہم برتھ ویٹ اور ڈورچ کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کو وائٹ واش کے اعزاز سے محروم کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 60، 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ برتھ ویٹ پہلی اننگز میں بھی 142 رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے تھے اور شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے3جب کہ وہاب ریاض نے2وکٹیں حاصل کیں۔ یہ14ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی پہلی فتح ہے اور کالی آندھی نے آخری مرتبہ مئی سنہ 2015 میں انگلینڈ کے خلاف برج ٹاؤن ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔مین آف دی سیریز کا پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو دیا گیا جنہوں نے 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر21وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -