شکایات پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں گے،مشتاق سکھیرا

شکایات پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں گے،مشتاق سکھیرا

  

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پولیس میں احتساب کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لئے خصوصی سیل بنایا گیا ہے جوایڈیشنل آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن کی سربراہی میں کام کرے گا جبکہ اس سیل میں ایک ڈی آئی جی ، تین اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس کی سطح کے افسران کے علاوہ ہر ریجن کا ایک ممبر جو کم از کم ایس ایس پی کی سطح کا ہو گاکام کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسپلن اینڈ انسپکشن سیل میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف شکایات پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور درست شکایات پر پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی میں کسی صورت تاخیر نہیں ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں کام کرنے والے اس شعبہ کو اپ گریڈ کرنے سے پولیس میں احتساب کا نظام بہتر سے بہتر ہوتا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس، سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز/انوسٹی گیشن پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، ڈاکٹر عارف مشتاق، ڈی آئی جیI.T، شاہد حنیف، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ، بی اے ناصر، ڈی آئی جی R&D، احمد اسحاق جہانگیر، ڈی آئی جی ویلفےئر، وسیم سیال اور ڈی آئی جی ،SPU، آغا محمد یوسف کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -