تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی پر413دکانیں سیل،67دکاندار گرفتار

تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی پر413دکانیں سیل،67دکاندار گرفتار

  

لاہور( جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور شہر بھر میں تمباکو نوشی ایکٹ پر عملدرآمد کروانے کے لیے بھر پور کریک ڈا ؤن کر رہی ہے۔ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی چھاپہ مار ٹیموں نے شہر بھر میں تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی ہے۔ انہوں نے بتایا ضلعی انتظامیہ کی چھا پہ مار ٹیموں نے کارروائی کر تے ہوئے سکول و کالجز سے 50میٹر تک کے فاصلہ اور 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کر نے پر مجموعی طور پر 413دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ 63دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے اور67افراد کو گرفتار بھی کروایا گیا اور 2لاکھ29ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیموں نے شہرکے مختلف پبلک مقامات کے دورے کیے اور تمباکو نو شی ایکٹ پر عمل نہ کر نے والے 390 ہو ٹلوں اور دیگر مقامات کے مالکان کو وارننگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے تعلیمی اداروں کی 50میٹر حدودمیں موجود 244سگریٹ کی دکانوں کو سیل کر کے 28دکانداروں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ 35دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دئیے گئے اور1لاکھ89ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ اسی طرح 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کرنے پر 169دکانوں کو سیل کیاگیا اور39دکانداروں کو حراست میں لینے کے علا وہ28افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دئیے گئے ہیں اور40ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے پر 390ہوٹلوں اور دیگر مقامات کے مالکان کو وارننگ بھی دی گئی۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد تک کریک ڈاؤن جا ری رہے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -