خرم نواز گنڈاپور سے نعیم الحق کے ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں،نور اللہ

خرم نواز گنڈاپور سے نعیم الحق کے ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں،نور اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سینئر ترین لیڈر خرم نواز گنڈاپور کے ساتھ نعیم الحق کے ناروا سلوک اور غیر مہذب برتاؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نعیم الحق کے رویے کے بارے میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔نعیم الحق نے دانستہ دونوں جماعتوں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ خرم نواز گنڈاپور عوامی تحریک کے کارکنان کے ہمراہ 2نومبر کے احتجاج کیلئے اسلام آبادمیں تھے۔اس رویے پر دلی دکھ پہنچا۔


تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے متعلق جو رویہ اختیار کیا وہ ہمارے لیے باعث حیرت ہے ۔اس رویے کے باعث عوامی تحریک کے کارکنان شدید غم و غصے میں ہیں۔اصل سوال یہ ہے کہ پہل کس طرف سے ہوئی اگر تحریک انصاف کے سیکرٹری انفارمیشن کو عوامی تحریک کے سینئر لیڈر اور سیکرٹری جنرل کے بارے میں انفارمیشن نہیں تو پھر وہ اپنا عہدہ کسی اہل شخص کیلئے خالی کر دیں ۔نعیم الحق کا یہ کہنا کہ وہ خرم نواز گنڈاپور کو نہیں جانتے یہ ایک توہین آمیز ریمارکس ہیں جو منصوبہ کے تحت ادا کیے گئے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ نعیم الحق تحریک انصاف کی اس سیکنڈ لائن لیڈر شپ کے کپتان ہیں جو تحریک انصاف کو سیاسی طور پر تنہا کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کے ساتھ ہونے والے سلوک پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا جائیگا۔