جماعت اسلامی کراچی کا ماضی اور مستقبل ہے،حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی کراچی کا ماضی اور مستقبل ہے،حافظ نعیم الرحمن

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس شہر کا ماضی بھی ہے اور مستقبل بھی ، عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے ادوار میں کراچی کی مثالی خدمت کی گئی ، تعمیر و ترقی کے اہم منصوبے اور پروجیکٹ شروع کیے گئے ، آئندہ جب بھی موقع ملا جماعت اسلامی عوام کی بھرپور خدمت کرے گی ، ہر پیشہ قابل قدر اور قابل احترام ہے قصاب برادری نے جس طرح محنت او ر جانفشانی سے اجتماعی قربانی میں اپنی خدمات انجام دیں اس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، سب مل کر اس شہر کو پر امن ، ترقی یافتہ شہر اور دین کا مرکز بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادار ہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت اجتماعی قربانی میں قصاب برادری کی خدمات پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قائم مقام چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی راشد قریشی ، کنٹرولر کمیونٹی سروسز قاضی صدر الدین ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عنایت اللہ اسماعیل ادیب نے بھی خطاب کیا ۔قصاب برادری سے وابستہ افراد ممتاز ،عاطف، نعمان قریشی ، عبد الغفار آرائیں اور محمد سلیم نے اجتماعی قربانی کے حوالے سے تاثرات پیش کیے اور مختلف تجاویز بھی دیں ۔جماعت اسلامی کی جانب سے شرکاء کو قرآن مجید کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے تفہیم القرآن کا سیٹ بھی دیا گیا ۔منعقدہ تقریب میں سکریٹری عبد الوہاب ، ڈپٹی سکریٹری انجینئر عبد العزیز ، انجینئر صابر احمد ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قصاب برادری کی پیشہ وارانہ خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ آپ اس عظیم کام میں ہمارے ساتھ شریک ہوتے ہیں اللہ کے نام پر جانوروں کو قربان کرنا بہت بڑا کام ہے ۔ اس سلسلہ میں جو بھی کمی رہی ہے آئندہ اسے دور کریں گے اور اجتماعی قربانی کے پروجیکٹ کو مزید منظم اور وسیع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں جو ایک دفعہ ہمارے ساتھ آجاتا ہے وہ پھر ہمیں چھوڑتا نہیں بلکہ 20،20سال سے لوگ ہمارے ساتھ ہیں ۔اس شہر میں عوام کو محرومیوں اور حقوق کے نام پر برسوں بے وقوف بنایا گیا کراچی کے عوام کو نفرت ، قتل و غارت گری اور بند گلی کی سیاست میں دھکیل دیا گیا ہمیں اس شہر کو پھر سے آباد کرنا ہے اور نفرتیں ختم کرنی ہے یہ کام ہم سب مل کر کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے کراچی میں بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے بنائے لیکن بعد میں ان کی تختیاں ہٹا کر دوبارہ افتتاح کیا گیا ۔لیکن اب سخت مخالفین کی جانب سے بھی اعتراف کیا جارہا ہے کہ نعمت اللہ خان جیسا ایماندار اور اہل ناظم کوئی نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام بنیادی ضروریات سے محرو م ہیں شہریوں کو بجلی وپانی اور صحت و تعلیم کے مسائل کا سامنا ہے ۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ یہ بنیادی ضروریات عوام کو دی جائیں اور ایسا نظام بنایاجائے جس میں تعلیم اور صحت سب کو یکساں طور پر ملے۔راشد قریشی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت آئندہ بھی کراچی کے عوام کے دکھ اور سکھ میں ساتھ رہے گی اور اپنے اس مشن کو جاری رکھے گی ۔ قاضی صدر الدین نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ قصاب برادری نے بڑی محنت اور لگن کے ساتھ اجتماعی میں قربانی اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ ہم نے فیصلہ کیا ان کو ایک جگہ جمع کر کے ان کی صلاحیتوں اور کوششوں کو خراج تحسین پیش کیاجائے ۔ ہم آپ سب کی یہاں آمد پر دل کی گہرایوں سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -