لانڈھی ٹرین حادثے پر ڈاکٹرفاروق ستار کا اظہار افسوس

لانڈھی ٹرین حادثے پر ڈاکٹرفاروق ستار کا اظہار افسوس

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے لانڈھی جمعہ گوٹھ اسٹینش پرپنجاب سے آنیوالی ذکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس میں خوفناک تصادم کے سبب متعدد مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دونوں ٹرینوں کے درمیان ہونے والا تصادم بڑا سانحہ ہے ، کراچی میں دھند کے باعث محکمہ ریلوے کی جانب سے اس قسم کے حادثات پر قابو پانے کیلئے کوئی مثبت اقدامات نہیں کئے گئے جس کے باعث آج دونوں ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں اور متعدد قیمتی انسانی جانیں ایک مرتبہ پھر لقمہ اجل بن گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی ملک میں ٹرینوں کے درمیان حادثات رونما ہوچکے ہیں لیکن محکمہ ریلوے ان حادثات پر قابو پانے اور انسانی جانوں کو تحفظ دینے کے بجاے مکمل طور پر خواب خرگوش میں ہے اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ذکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کے درمیان ہولناک تصادم کے ذمہ دار عناصر کو منظر عام پر لایاجائے اور اس حادثہ میں مجرمانہ غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ذکریا ایکسپریس اور فرید ایکسریس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ ادا کیاجائے ، اس قسم کے ہولناک حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے محکمہ ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے اور اس سلسلے میں ہر سطح پر ٹھوس و مثبت اقدامات بروئے لائے جائیں ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -