سائبر کرائم بل پر پیپلزپارٹی کو تحفظات ہیں ،سکندر شورو

سائبر کرائم بل پر پیپلزپارٹی کو تحفظات ہیں ،سکندر شورو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر سکندر علی شورو نے کہا کہ انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں تعلیم،صحت اور زراعت جیسے شعبوں کے ساتھ مل کر سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے مختلف منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ سائبر کرائم بل جو قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے ،اس پر پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرچکی ہے کیونکہ مذکورہ بل کے نافذ العمل ہونے سے کاروباری طبقے کے مالی مفادات کو ضرب پہنچے گی ۔پیپلز پارٹی نے مذکورہ بل میں 54 ترامیم تجویز کرچکی ہے جو سینٹ میں بل کے پیش ہونے پر زیر بحث لائی جائیں گی۔سندھ حکومت جامعہ کراچی کے ماہرین اور پروفیسر ز کی مشاورت سے آئی ٹی پالیسی مرتب کرے گی اور مستقبل میں بھی تمام معتبر تعلیمی اداروں بالخصوص جامعہ کراچی سے معاونت حاصل کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اورIEEEکمپیوٹر سوسائٹی کراچی سیکشن کے زیر اہتمام منعقدہ سمپوزیم بعنوان: ’’کمپیوٹر سائنس میں عصری رجحانات‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ڈاکٹر صادق علی خان نے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا دور ہے اور انٹرنیٹ ہماری بنیادی ضرورت بن چکا ہے ۔ٹیکنالوجی میں انقلابی ترقی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کی ضرورت بھی بڑھ چکی ہے ،کیونکہ موجودہ دور سائبر وارفیئر کا دور ہے جس میں سائبر کرائم کی شرح میں اضافہ ہورہاہے۔اس ضمن میں مربوط اور جامع سائبر کرائم قوانین وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سابق چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر عاقل برنی نے کہا کہ انسانی ذہن اپنی صلاحیتوں سے کوئی بھی کارنامہ انجام دے سکتا ہے ۔عصر حاضر میں کمپیوٹر سائنس کے شعبہ نے انقلابی ایجادات کی ہیں جو انسانی عقل کا شاہکارہے۔شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ڈاکٹر بدرسمیع نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اب ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے جہاں دنیا میں رہنا والا ہرشخص ایک دوسرے سے منسلک ہے ۔سوشل میڈیا نے مواصلاتی نظام میں انقلاب برپا کردیا ہے ۔مذکورہ سمپوزیم کے کامیاب انعقاد پر میں وائس چیئر مین IEEE کراچی سیکشن ڈاکٹر صادق علی خان کو مبارکبادپیش کرتاہوں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -