عدلیہ کو اپنے اندر محاسبہ کا عمل شروع کرنا چاہئے،لاہور ہائی کورٹ بار
لاہور(نامہ نگار خصوصی )پرویز مشرف کی طرف سے 3نومبر 2007ء کو پی سی او جاری کرنے کے خلاف گزشتہ روز وکلاء نے یوم سیاہ منایا ،اس سلسلے میں بار رومز میں مذمتی اجلاس بھی منعقد کئے گئے ۔لاہور ہائی کورٹ بار میں اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن اور بار کے سابق صدور شفقت محمود چوہان ،پیر محمد مسعود چشتی ،حافظ عبدالرحمن انصاری کے علاوہ احسان وائیں اورخادم حسین قیصر ایڈووکیٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 نومبر کا دن عدلیہ کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ آزاد ہونے کے بعد وکلاء کا محاسبہ شروع ہو گیا اور سپریم جوڈیشل کونسل میں زیرِ التوا ججز کے کیسز کا کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ رانا ضیاء عبدالرحمن صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہورنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس پیارے وطن کے محافظ ہیں کیونکہ پاکستان کو ایک وکیل نے بنایا اور ہم وکلاء ہی اس کو بچائیں گے۔