پنجاب پولیس کو کچی پنسل سے گرفتاریوں کے اندراج سے روک دیا گیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب پولیس کو کچی پنسل سے گرفتاریوں کے اندراج سے روک دیا۔ مسٹر جسٹس سردار شمیم نے یہ حکم عاقب زبیر کی درخواست پر جاری کیا، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے درخواست گزار کے والد کو غیر قانونی حراست میں لے رکھا ہے، جس پر بھجوائے گئے عدالتی بیلف نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پولیس تمام گرفتاریوں کا اندراج کچی پنسل سے کررہی ہے، کچی پنسل سے اندراج قانون کی واضح خلاف ورزی ہے ،کچی پنسل کا استعمال من پسند مفادات کے حصول کے لئے کیا جاتاہے،ڈی پی او اوکاڑہ محمد فیصل رانا قابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے غیر مشروط معافی مانگنے پر وارنٹ گرفتاری واپس لے لئے، ڈی پی او نے عدالت کو کچی پنسل سے اندراج نہ کرنے سے متعلق تحریری طور پر یقین دہانی کرائی، عدالت نے پنجاب پولیس کو کچی پنسل سے گرفتاریوں کا اندراج کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔