نواز شریف ملک پر حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں :عمران خان

نواز شریف ملک پر حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں :عمران خان

  

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک پر حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں ۔ اٹارنی جنرل شریف خاندان کا ذاتی ملازم نہیں ان کی جانب سے نواز شریف کا کیس لڑنے پر ہم اعتراض کریں گے ۔ نیب اور ایف بیآر نے عدالت میں من گھڑت دستاویزات جمع کرائی ۔ پانامہ لیکس کا مقدمہ سات ماہ پرانا ہے لیکن پھر بھی عدالت سے وقت مانگا جا رہا ہے ۔ نواز شریف بتائیں ان کے بچوں نے عدالت میں جواب کیوں جمع نہیں کرایا ۔جمعرات کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حکومت نے پانامہ لیکس میں مریم نواز اور حسین نواز کا جواب جمع کیوں نہیں کرایا ۔ نواز شریف نے جواب جمع کرا دیا ان کے بچوں نے جواب جمع کیوں نہیں کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ہم احتساب کے لئے تیار ہیں تو پھر وہ بھاگ کیوں رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اٹارنی جنرل نواز شریف کا کیس لڑ رہے ہیں ہم اس پر اعتراض کریں گے اٹارنی جنرل شریف خاندان کا کیس نہ لڑیں اٹارنی جنرل نواز شریف کا ذاتی ملازم نہیں ۔ اٹارنی جنرل عوام کے ٹیکس سے پیسے لیتا ہے اٹارنی جنرل کو حساب دینا ہو گا انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف بی آر نے من گھڑت دستاویزات عدالت میں جمع کرائی ہیں وزیر اعظم کا بحران کوئی چھوٹا بحران نہیں ہے ۔ کسی بھی ملک کے اندر وزیر اعظم اخلاقی قوت کے تحت حکومت کرتا ہے ۔ نواز شریف کے پاس کوئی اخلاقی قوت باقی نہیں رہی کہ وہ پاکستان پر حکومت کریں انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے تمام درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں ہمارے لوگ لاک ڈاؤن چاہتے تھے لیکن میں نے عدالت پر اعتماد کیا ۔

مزید :

صفحہ اول -