سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا پروگرام جنوبی پنجاب سے شروع کیاجائے گا :شہباز شریف

سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا پروگرام جنوبی پنجاب سے شروع کیاجائے گا ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت 10 ہزار سے زائد اضافی کمروں کی تعمیر کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے کیا جائے گا۔ پروگرام پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا اور اس پروگرام سے طلبا و طالبات کو مزید بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی اور وہ بہترین تعلیمی ماحول میں زیادہ دلجمعی سے حصول تعلیم کی طرف راغب ہوں گے۔ وہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پروگرام کے مختلف امو رپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اضافی کمروں کے ڈیزائن کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مستقبل قوم کے نونہالوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے سے جڑا ہے اور اسی مقصد کیلئے حکومت پنجاب صوبے میں تعلیمی پروگرام کی بہتری کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کیلئے پہلے ہی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلاحات نے ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے امور پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا مشہو داحمد، تنویر اسلم ملک، عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور معاشی پالیسیوں کی بنا پر آج پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہو رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ توانائی سمیت مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں محفوظ، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ہے۔ امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کو سراہا اور پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی افراتفری پھیلانے سے نہیں بلکہ عوام کی خلوص نیت سے خدمت کرنے سے ملتی ہے ۔ ملک کی ترقی،استحکام اور قومی مفادات کو ہر حال میں ذاتی مفادات پر ترجیح دینی چاہیے ۔عوام نے دھرنا گروپ سے لا تعلق ہو کر مسترد شدہ عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔سی پیک پر تیزرفتاری سے عملدرآمد سے دوست خوش اور عوام کی ترقی کے مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے ۔ منفی سیاست کے علمبردار پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے۔ ملک کے روشن مستقبل کی نوید سی پیک کو نقصان پہنچانا کسی طور پر عوام کی خیر خواہی نہیں ۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں اجتماعی سوچ کے ساتھ اسے آگے لیکر جانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ بصیرت سے کئے جانیوالے اجتماعی فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔سیاسی و عسکری قیادت اور عوام نے ملکر دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اخوت ،بھائی چارے ، تحمل اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی قوتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے زہر قاتل ہے۔ 2014ء کے بلا جواز دھرنوں سے قومی معیشت کو بڑا دھچکا لگاتھا۔ذاتی مفادات کی خاطر قومی معیشت کو نقصان پہنچانا 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ احتجاجی عناصر کے غیر جمہوری رویوں سے سی پیک کے منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ افراتفری کی سیاست کرنیوالے ملک میں اندھیروں کا راج چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر ایم این اے حافظ عبدالکریم اور امیر بیت المال سلمان منگلا بھی موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -