سعد رفیق جوابدہ ہیں کہ ٹرین حادثے کا ذمہ دار کون ہے :بلاول بھٹو

سعد رفیق جوابدہ ہیں کہ ٹرین حادثے کا ذمہ دار کون ہے :بلاول بھٹو

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق جواب دہ ہیں کہ ٹرین حادثے کا ذمہ دار کون ہے ۔ کسی کی زندگی کی قیمت نہیں لگائی جاسکتی، مینڈیٹ کا مطلب یہ نہیں کہ عوام کو جواب نہ دیا جائے۔ اس اندوہناک حادثے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے ۔وزیراعلیٰ سندھ سے سفارش کروں گا کہ جاں بحق اور زخمیوں کو معاوضہ اور پلاٹ فراہم کیے جائیں ۔وہ جمعرات کو جناح اسپتال کراچی میں لانڈھی ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ ٹرین حادثے کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے ۔ ہم حادثات پر سیاست نہیں کرتے، حکومت کا جو کام ہے وہ کریں گے۔ جمہوریت میں احتساب تو ہوتاہے، خواجہ سعد رفیق کو چاہیے کہ وہ ذمہ داروں کا تعین کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی زندگی کی قیمت نہیں لگائی جاسکتی، مینڈیٹ کا مطلب یہ نہیں کہ عوام کو جواب نہ دیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایمرجنسی سہولیات نہیں ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت ایمرجنسی سینٹر کے قیام پر توجہ مرکوز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ رحیم یار خان جاکر وہاں سے سیاسی سرگرمی کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فنی معاونت اور سگنل سسٹم کے بہتر انتظام سے ریلوے حادثات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔انہوں نے زخمیوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاف اور ڈاکٹرز زخمیوں کا بہترین علاج کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ پیپلز پارٹی 8 سال حکومت میں رہی، اس سے قبل میری والدہ دو بار حکومت میں آئیں، اس سے پہلے میرے نانا بھی وزیر اعظم رہے، ہم نے جو کام کیے وہ سب کے سامنے ہیں لیکن مجھے اعتراف ہے کہ ابھی بھی بہت سے کام باقی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ سندھ سے سفارش کروں گا کہ جاں بحق اور زخمیوں کو معاوضہ اور پلاٹ فراہم کیے جائیں ۔جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد بلاول بھٹو پنجاب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -