عوام کی طاقت سے تخت رائیونڈ کو گرائیں گے ،وسیب کے حقوق کا تحفظ ہو گا :بلاول بھٹو زرداری

عوام کی طاقت سے تخت رائیونڈ کو گرائیں گے ،وسیب کے حقوق کا تحفظ ہو گا :بلاول ...

  

صادق آباد(نامہ نگار،تحصیل رپورٹر)عوام کی طاقت سے تخت رائیونڈ کو گرائیں گے جنوبی پنجاب کے وسائل لوٹے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی پایاجاتا ہے ہم سب ملکر شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو تکمیل تک پہنچائیں گے ، بی بی کا بیٹا عوام کے درمیان پہنچ گیا ہے اب کسی کو عوام کیساتھ زیادتی کی اجازت نہیں دی جائیگی ، وسیب کے عوام کے حقوق کا ہر صورت میں تحفظ کیاجائے گاشیر کے شکار کیلئے صرف تیر استعمال کیاجائے گاان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز چوک بہادر پور، محمدپورلمہ ،شہباز پور، موڑبھٹہ واہن ، رنگ پور اور جمالدین والی میں جگہ جگہ استقبال کیلئے کھڑے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ نوازشریف اور عمران خان دونوں ہی ناکام ہو چکے ہیں عوام پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں ہم محنت کشوں ‘غریبوں‘ مزدوروں‘ ہاریوں کے حقوق کیلئے میدان میں نکل چکے ہیں سندھ میں تبدیلی لاچکے ہیں اور انشاء اﷲ پنجاب میں بھی سیاسی تبدیلی لائیں گے ایک بار پھر پنجاب کو پیپلزپارٹی کا مضبوط قلعہ بنا دیاجائیگا انھوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کی حکومت نے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کئے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری ، لوٹ کھسوٹ ، بد امنی میں اضافہ ہو چکا ہے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے جبکہ کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کا جائز معاوضہ بھی نہیں مل رہا ‘اس لیے اب ہم محنت کشوں کیساتھ ملکر تخت رائیونڈ کو گرائیں گے انھوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے وسائل بے دردی سے لوٹے جارہے ہیں اورعوام پینے کے پانی کیلئے بھی ترس رہے ہیں پانامہ لیکس دنیا کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل ہے ہم شروع دن سے ہی نوازشریف کو احتساب کیلئے کہتے رہے ہیں پیپلزپارٹی حقیقی اپوزیشن ہے جو عوام کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردارادا کر رہی ہے اب بی بی کا بیٹا آپ کیساتھ ملکر بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو پورا کرے گاانھوں نے کہاکہ ضلع رحیم یارخان کے باشعورعوام نے بلدیاتی الیکشن میں بھی مخدوم احمد محمود کی قیادت میں پیپلزپارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور آئندہ جنرل الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی انشاء اﷲ پورے پنجاب سے کامیابی حاصل کرے گی شیر کو تیر کے ذریعے شکار کرینگے انھوں نے سابق گورنرپنجاب مخدوم احمد محمود کی پیپلزپارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ بہت جلد پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کا اعلان کر دیاجائے گااگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حکمرانوں کیخلاف ماہ نومبر میں ہی تحریک کا آغاز کر دیں گے ۔دریں اثناء جمالدین والی میں ضلع کونسل کے چےئرمینوں ،و ائس چےئرمینوں ،عمائدین پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے انشاء اﷲ عوام کی حمایت سے الیکشن میں کامیابی حاصل کرینگے ،چےئرمین ضلع کونسل کے عہدہ پر مخدوم علی محمود ہی کامیاب ہونگے انھوں نے ثابت قدمی پر پیپلزپارٹی کے چےئرمین یونین کونسلز کو سلام پیش کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب اقلیتی ونگ کے رہنما سیٹھ بصرو جی کی قیادت میں سینکڑوں افراد پر مشتمل قافلہ نے بائی پاس چوک بہادر پور پہنچ کر چےئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا ‘ قافلہ میں بسیں‘کاریں‘ ویگنیں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں قافلہ میں شامل شرکاء نے بینرز ، پلے کارڈ اور پیپلزپارٹی کے پرچم اٹھا رکھے تھے جن پربلاول بھٹو زندہ باد‘ مخدوم احمد محمود زندہ باد، پیپلزپارٹی زندہ باد‘ جب تک سورج چاند رہے گا بھٹو تیرا نام رہے گا کے نعرے درج تھے ، قافلہ میں شامل گاڑی پر بڑاساؤنڈ سسٹم لگایا گیا تھا جس سے پیپلزپارٹی کے نغمے ، ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تقاریر چلائی جارہی تھیں ،روانگی سے قبل صادق آباد میں سیٹھ بصرو جی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جمالدین والی رحیم یارخان سے ملکی سیاست میں اثرات مرتب ہونگے پیپلزپارٹی پنجاب میں ایک بار پھر مقبول سیاسی قوت بن کر ابھرے گی مخدوم احمد محمود نے جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کیلئے انتھک محنت کی ہے یہی وجہ ہے کہ اب پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی بن چکی ہے ۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی شعبہ خواتین جنوبی پنجاب کی سابق صدر اور امیدوار خواتین سیٹ ضلع کونسل محترمہ تسلیم فضلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے کہاکہ خواتین پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور خواتین کی آبادی بھی زیادہ ہے ہمارے دور حکومت میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمیں مہیا کی گئیں اور انہیں تحفظ مہیا کیاگیا اور اس سلسلہ میں قانون سازی بھی کی گئی انھوں نے مسز تسلیم فضلی کی پیپلزپارٹی کیلئے خدمات کو سراہااور کہاکہ وہ مخصوص نشستوں کے الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی مخدوم احمد محمود کی قیادت میں پیپلزپارٹی نے بلدیاتی الیکشن میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ قبل ازیں محترمہ تسلیم فضلی کی قیادت میں سینکڑوں خواتین نے چےئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور دیگر قائدین کا استقبال کیا ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -