و فاقی وزیر داخلہ کی طرف سے ایف سی اور پنجاب پولیس کیلئے مراعات کے پی کے پولیس میں مایوسی

و فاقی وزیر داخلہ کی طرف سے ایف سی اور پنجاب پولیس کیلئے مراعات کے پی کے پولیس ...

  

چارسدہ ( بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا پولیس میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے ایف سی اور پنجاب پولیس کے مراعات اور تنخواہوں میں سوفیصد اضافے کا اعلان کرکے ایف سی اور پنجاب پولیس کے دل جیت لئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کی آگ میں جل رہی ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ وزیر اعلی پرویز خٹک کے قافلے کو روکنے والے ایف سی اور پنجاب پولیس اہلکاروں کیلئے وزیر داخلہ نے 50،50ہزار نقدانعام کا اعلان کیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا پولیس حسرت ویاس کی تصویر بن چکی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف کے دھرنے کو ناکام بنانے اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے قافلے کو اسلام آباد لاک ڈاؤن سے روکنے پر ایف سی اور پنجاب پولیس پر انعامات کی بارش کر دی ۔ وزیر اعلی کے قافلے کو روکنے والے ایف سی اور پنجاب پولیس کے جوانوں کیلئے 50,50ہزار روپے نقد انعام اور توصیفی سرٹیفکیٹ دینے اور اگلے مہینے سے ایف سی اور پنجاب پولیس کے تنخواہوں میں 50فیصد اضافے جبکہ آئندہ بجٹ میں مزید 50فیصد اضافے کے اعلان سے خیبر پختونخوا پولیس میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ۔ جمعرات کے روز آئی جی خیبر پختونخوا کے دورہ چارسدہ کے موقع پر درجنوں پولیس اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کے شرط پر میڈیا کو بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس دنیا کے آمن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے اور دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔ خیبر پختونخوا پولیس چوبیس گھنٹے 25کلو وزنی بلٹ پروف جیکٹ اور کلاشنکوف اٹھا کر ڈیوٹیاں دے رہی ہے جبکہ پنجاب پولیس صرف ڈھنڈوں پر اکتفا کر کے ڈیوٹی دیتی ہے مگر اس کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس سے سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مہینے پہلے آئی جی نے خیبر پختونخوا پولیس کے اپ گریڈیشن کیلئے صوبائی حکومت کو سمری ارسال کی ہے مگر اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی ملک میں خیبر پختونخوا پولیس کے ساتھ امتیازی سلوک کی وجہ سے خیبر پختونخوا پولیس کے حوصلے پست ہو جائینگے کیونکہ امتیازی سلوک کی وجہ سے ان میں احساس محرومی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے اپیل کی کہ اپ گریڈیشن اور مراعات کے حوالے سے فوری طور پر اعلان کرکے خیبر پختونخوا پولیس میں پھیلی مایوسی ختم کی جائے ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -