دھرنا سیاست مسترد کرنے پر عوام کی جمہوری سوچ کو سلام پیش کرتے ہیں، رفیق ر جوانہ حمزہ شہباز

دھرنا سیاست مسترد کرنے پر عوام کی جمہوری سوچ کو سلام پیش کرتے ہیں، رفیق ر ...

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ممبر قومی اسمبلی اور مسلم لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بالخصوص ملتان میں بلدیاتی انتخابات کے سربراہان کے چناؤ اور مئیر کے آئندہ ہونے والے انتخابات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ مقامی سطح پر کسی طرح کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیے جو پارٹی مفاد کے خلاف ہواور باہمی مشاورت سے اُمیدواروں کا انتخاب ہو۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اہل سیاست کو ضرور سیاست کرنی چاہیے لیکن ملک و قوم کی قسمت سے نہیں کھیلنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ملک ترقی ، خوشحالی اور آسودگی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ہمیں اس وقت کوئی ایسا قدم نہیں اُٹھانا چاہیے جو ملکی استحکام اور معیشت کی مضبوطی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم پہلے دن سے عدلیہ کا احترام اور عدلیہ کے فیصلوں کو من و عن تسلیم کرتے ہیں اور مخالفین کو بھی بے مقصد احتجاج اور بے بنیاد الزامات سے باہر نکل کر عدلیہ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ وہ پوری قوم کواور بیس کروڑ عوام کی سیاسی اور جمہوری سوچ کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں جس نے دھرنا سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ایک بار پھر سیاسی لال بھجکڑوں اور میلے ٹھیلے منانے والوں کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کسی ایسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے جو ملک و قوم کے مفاد کے منافی ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد وزیر اعظم محمد نواز شریف سیاست میں خدمت ، شرافت اور عظمت کے قائل ہیں اُن کی زبان سے آج تک بدترین مخالفوں کے لیے نازیبا الفاظ نہیں کہے گئے۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں صوبہ خیبر پختون خواہ کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی سے مختلف اُمور سمیت قومی و صوبائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت باہمی اتحاد، جذبۂ حب الوطنی اور جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے اور تمام سیاسی قوتیں اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان ہی اول اور پاکستان ہی آخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔اس موقع پرگورنر پنجاب نے ظفر اقبال جھگڑا کو صوبہ خیبر پختون خواہ کے گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور توقع کی کہ اُن کی قیادت میں صوبہ کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -