چینی سرمایہ کار بھی پاکستانی معیشت میں استحکام کے معترف،وزیراعظم سے ملاقات میں 3سوارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

چینی سرمایہ کار بھی پاکستانی معیشت میں استحکام کے معترف،وزیراعظم سے ملاقات ...
چینی سرمایہ کار بھی پاکستانی معیشت میں استحکام کے معترف،وزیراعظم سے ملاقات میں 3سوارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی سرمایہ کاروں کے کنسورشیم نے وزیراعظم نوازشریف کے انفراسٹرکچر اور انرجی سیکٹر ڈویلپمنٹ ویژن کو سراہتے ہوئے پاکستان میں تین سو ارب روپے کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں سے سبب پاکستانی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہوگئی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھی انتہائی سازگار ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کے کنسورشیم کے وفد نے وزیراعظم ہاو¿س اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے سبب پاکستان میں معیشت ترقی کررہی ہے، گزرے تین برسوں کے دوران پاکستان کی معیشت میں بڑی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھی بہترین ماحول پیدا کردیا ہے۔ حکومتی اقدامات کے سبب ہونے والی بہتری کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جارہا ہے۔وزیراعظم نے افراط زر کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بھی اس حوالے سے خاصی مددگار ثابت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کی بدولت پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائر بھی 23ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔نوازشریف نے پاکستان کی معاشی ترقی میں چینی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے اربوں افراد کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس حوالے سے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو انتہائی شاندار ماحول فراہم کیا جارہا ہے،عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے لاءآف سپیشل اکنامک زون بھی بنایا گیا ہے ۔چینی وفد نے وزیراعظم کے اکنامک ویژن اورمعاشی استحکام کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے انتہائی موزوں ملک بن چکا ہے۔وفد نے وزیراعظم کے انفرسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں کی بہتری کے اقدامات کو بھی سراہااور وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ انہی اقدامات کو دیکھتے ہوئے وہ پاکستان میں انفرا سٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں تین سو ارب روپے کی سرمایہ کاری کریں گے۔وفد نے حکومت پاکستان کی اجازت سے ملک میں نئی ایئر لائن کے قیام کا امکان بھی ظاہر کیا ۔چینی سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی موجودہ حکومت نے انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے ہیں۔چینی سرمایہ کار کمپنیوںکے کنسورشیم کے وفد نے وزیر خزانہ،وزیر پٹرولیم اور سی ڈی اے حکام سے بھی مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

مزید :

قومی -