پنجاب بار کونسل نے ہائی کورٹ کی تقریبات میں شرکت پر ہائی کورٹ بار بہاولپورکے صدر اور سیکرٹری کے لائسنس معطل کردیئے

پنجاب بار کونسل نے ہائی کورٹ کی تقریبات میں شرکت پر ہائی کورٹ بار بہاولپورکے ...
پنجاب بار کونسل نے ہائی کورٹ کی تقریبات میں شرکت پر ہائی کورٹ بار بہاولپورکے صدر اور سیکرٹری کے لائسنس معطل کردیئے

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)پنجاب بار کونسل اورلاہور ہائی کورٹ کے درمیان تناﺅ شدت اختیار کرگیا ،لاہور ہائیکورٹ کی 150 سالہ تقریبات میں حصہ لینے پر پنجاب بار کونسل نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے صدر نوازش علی پیرزادہ اور سیکرٹری راﺅ ناصر محمود کے لائسنس معطل کر دیئے ۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری محمد حسین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں عہدیداران پنجاب بار کونسل کے بائیکاٹ کے باوجود لاہور ہائیکورٹ کی 150 سالہ تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر گنہگار پائے گئے ہیں۔ اس لئے ان کے لائسنس معطل کر کے انہیں پانچ نومبر کو وضاحت کے لئے پنجاب بار کونسل میں طلب کر لیا گیا ہے، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کی جانب سے جاری پیغام کے مطابق چودھری شفیع محمد طارق کو قائم مقام صدر اور مہر احمد شیر کاٹھیا کو قائم مقام جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور بنا دیا گیا ہے۔

ججوں سے مبینہ طور پر بدتمیزی کے مرتکب وکلاءکے خلاف لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے کارروائی کئے جانے کے بعد سے پنجاب بار کونسل نے عدالت عالیہ کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے ۔پنجاب بار کونسل نے لاہور ہائی کورٹ کی 150سالہ تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہوا ہے ،اسی اعلان کی خلاف ورزی کی بناءپر مذکورہ عہدیداروں کے لائسنس معطل کئے گئے ہیں ۔

مزید :

لاہور -