پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 9 نومبر سے شروع ہو گا

Nov 04, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 9 نومبر سے لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں شروع ہو گا، ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے گذشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں 9 ملکوں کے 26 مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں افغانستان، مالدیپ، ترکی، ویت نام، سری لنکا، کمبوڈیا، شام اور نیپال کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ٹورنامنٹ میں 37 پاکستانی مرد و خواتین کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔ ٹورنامنٹ میں پانچ کیٹگری کے مقابلے ہوں گے جن میں مینز سنگلز، ویمن سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز اینڈ مکس ڈبلز شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 8 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء بیڈمنٹن کے زیر اہتمام ریفریز کورٹس منعقد ہو گا جس میں 12 ملکوں کے امپائرز شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں