کامل مجید فیوچر لیڈرز کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے سکول آف ایجوکیشن کے پروگرام ایسوسی ایٹ کامل مجید برٹش کونسل کے زیر اہتمام لندن میں منعقدہ12روزہ فیوچر لیڈرز کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔اس کانفرنس میں پاکستان سمیت گیارہ مختلف ممالک کے نوجوان راہنماؤں نے شرکت کی۔
اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد مختلف ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔وطن واپسی پر آج یہاں جاری ایک بیان میں کامل مجید نے بتایا کہ انہوں نے دورہ لندن کے دوران فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کے وزیر مارک فیلڈ اور لیبر پارٹی کے سابق سربراہ ایڈ ملی بینڈ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں جبکہ برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹیوسیاران ڈواین نے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت کو خصوصی طور پرسراہا۔ کامل مجید نے کانفرنس کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح اورعبدالستار عیدی کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے برطانیہ کی پارلیمنٹ میں منعقدہ تقریب میں کامن ویلتھ سکالرز کمیونٹی کے سامنے پاکستان کے پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر کامل مجید نے لخدر ابراہیمی اور کوفی عنان سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔