چہلم امام حسینؓ پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے: آئی جی پنجاب

چہلم امام حسینؓ پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے: آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پرامن و امان کی فضا برقرار رکھنے اورجلوسوں و مجالس کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں جبکہ حساس امام بارگاہوں ، مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے وضع کردہ ایس او پی پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں60ہزار سے زائد پولیس افسر، اہلکار اور رضاکارسکیورٹی کے فرائض انجا م دیں گے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے جلوس کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز اور جلوسوں میں سادہ کپڑوں میں کمانڈوز تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کیلئے آنے والے زائرین کوواک تھرو گیٹ اور میٹل ڈٹیکٹر سے چیک کیے بغیر اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے ۔ سی سی پی او لاہور کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کے بیک وقت انعقاد کے موقع پرملک بھر سے آنے والے زائرین کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک آرپی اوز ڈی پی اوز کانفرنس کے دوران پولیس افسران کو مختلف ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ۔

مزید :

علاقائی -