ڈاکٹروں حکیموں، ڈینٹل ٹیکنیشنز پر چھاپے قانون کے مطابق ہیں
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے روبرو ہومیوپیتھک ڈاکٹروں، حکیموں اور ڈینٹل ٹیکنیشنز پر چھاپوں کے خلاف کیس میں پنجاب حکومت نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلتھ کئیر کمیشن قانون کے مطابق چھاپے مار رہا ہے،جس کا مقصدعطائی ڈاکٹروں کو قانون کی گرفت میں لانا ہے،جس پر چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت جائزہ لے گی کہ قانون کے تحت ہیلتھ کئیر کمیشن کا دائرہ اختیار کیا ہے۔ درخواست گزاروں ہومیوپیتھک ڈاکٹرز، حکیم اور ڈینٹل ٹیکنیشنز کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت ان کے کلینک پر چھاپے مار رہی ہے، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے پاس کلینک سیل کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے جبکہ درخواست گزاروں کو پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن میں رجسٹر کروانے کا کہا جارہا ہے حالانکہ درخواست گزار پہلے ہی محکمہ صحت کے پاس رجسٹرڈ ہیں، ابھی رجسٹریشن کی مدت ختم نہیں ہوئی، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ہیلتھ کییر کمیشن اس اقدام کو غیر قانونی قرار دے، پنجاب حکومت کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے سرکاری وکیل نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کییر کمیشن صوبے میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے لیے بنایا گیا ہے، کمیشن کے اہلکار قانون کے مطابق عطایوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں، پنجاب حکومت کا یہ اقدام عوام الناس کی فلاح کے لیے ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت درخواستیں مسترد کر دے، عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ 5 نومبر کو پیش ہوکر اپنے دلائل مکمل کریں۔