شدید سموگ سے معمولات زندگی درہم برہم ، پروازیں متاثر ، پاور پلانٹس بند، بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور سمیت ملک بھر میں سموگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بعض مقامات پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہ گئی ہے جبکہ سموگ کی وجہ سے پاور پلانٹس بند ہوگئے ہیںاور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ہر ایک گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم ون پر پشاور سے رشکئی تک شدیددھند کی وجہ سے حدنگاہ 40 سے 50 میٹر، موٹروے ایم ٹو نارتھ پر15 سے 20 میٹر جبکہ ایم ٹوساو¿تھ پر حدنگاہ 15 سے 30 میٹر رہ گئی ہے، موٹروے پولیس نے ایم ٹونارتھ اورساؤتھ پرہیوی ٹریفک کی آمدورفت بندکردی ہے۔ حافظ آباد انٹر چینج سے شیخوپورہ تک حدنگاہ 10 سے 20 میٹرجبکہ شیخوپورہ سے لاہور تک حدنگاہ صفرسے 15 میٹر رہ گئی ہے۔ موٹروے ایم تھری پر پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک حدنگاہ صفرسے 20 میٹر ہے جس کے باعث اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب میں شدید سموگ، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق
سکھر میںبھی شہری اور میدانی علاقوں میں دھند کاراج ہے، میدانی علاقوں میں حد نگاہ 100 میٹراور رہائشی علاقوں میں 500 میٹرتک رہ گئی ہے ۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پرحد نگاہ 100 میٹر ہے اس لیے شہری قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
جنوبی پنجاب میں بھی شدید دھند ہے، ملتان اور بہالپور کے علاقوں میں حد نگاہ صفر ہوگئی ہے جبکہ شہری علاقوں میں بھی شدید دھند کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ایئر پورٹ حکام کے مطابق ملتان سے دبئی اور کراچی جانے اور آنے والی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے ۔دوسری جانب لاہور میں بھی شدید دھند کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، لاہور سے دبئی جانے والی پرواز 6 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود ایئر پورٹ پر ہی موجود ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان میں سموگ کی وجہ بھارت ہے ، ہمسایہ ملک میں کھیت جلائے جا رہے ہیں :ذکیہ شاہ نواز
علاوہ ازیں شدیدآلودہ دھند کے باعث گیس کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوگیا ہے اور گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس بند ہوگئے ہیں۔ پاور پلانٹس بند ہونے کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈ شیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے فیڈر بند رہے گا، لیسکو نے مجموعی طور پر 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول دیا ہے۔گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس بند ہونے کے باعث تیل سے چلنے والے پلانٹس آپریشنل کردیے گئے ہیں۔