خیبرپختونخوا کی پولیس کے سمگلروں سے روابط، 2 ایس ایچ اوز، 10 اہلکار ضلع بدر
پشاور (ویب ڈیسک) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سمگلروں کو محفوظ راستہ دینے، جرائم پیشہ اور سمگلروں کے ساتھ تعلقات اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے 2ایس ایچ اوز اور 10پولیس افسروں اور اہلکاروں کو معطل کرکے کوہستان، بنوں اور لکی مروت تبدیل کردیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بعض پولیس افسروں اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے سمگلروں کے لئے محفوظ راستوں کا انتخاب کیا گیا جس کے ذریعے کروڑوں روپے کا سامان سمگل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا تھا۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سی سی پی او پشاور محمد طاہر خان نے بتایا کہ سمگلروں اور جرائم پیشہ کے ساتھ تعلقات اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر سابق ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول نعمان خان سمیت دو ایس ایچ اوز اور دو چوکی انچارج سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو ضلع بدر کرکے کوہستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت تبدیل کردیا گیا ہے۔