ارشد وہرہ کے مستعفی نہ ہونے پر ایم کیوایم کا الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ
کراچی(یوا ین پی)ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کے اب مستعفی نہ ہونے پر ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کر لیا۔ پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار خط لکھیں گے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد بھی ارشد وہرہ نے ڈپٹی میئر کے عہدے سے استعفٰی نہیں دیا۔ معاملے پر ایم کیوایم پاکستان نے قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایم کیوایم آج (اتوار کے) احتجاجی جلسے کے بعد ڈپٹی میئر کے مستعفی نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھے گی۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار الیکشن کمیشن کوارشد وہرہ کی پارٹی سے علیحدگی کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ خط میں سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا حوالے بھی دیا جائے گا۔ جس کے تحت پارٹی لیڈرمنتخب نمائندے کی تنظیم سے علیحدگی کے بعد الیکشن کمیشن سے رجوع کرسکتا ہے۔ پارٹی کی تبدیلی اوراعتراض پر منتخب نمائندہ عہدے کا اہل نہیں رہتا۔