بنگلہ دیش نے انڈیا کا غرور خاک میں ملادیا، پہلے ہی ٹی 20 میں خوفناک شکست سے دوچار کردیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش نے پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی سورماﺅں کا غرور خاک میں ملا کر میزبان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارت کی جانب سے دیا جانے والا 149 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 20 ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔ مہمان ٹیم کی جانب سے مشفق الرحیم نے 43 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ سومیا سرکار نے 39، محمد نعیم نے 26 اور کپتان محمد اللہ نے 15 رنز بنائے۔
قبل ازیں بھارتی ٹیم نے نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم (نیا نام: ارون جیٹلی سٹیڈیم)میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے تھے۔انڈیا کی جانب سے شیکھر دھون 41 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ رشبھ پنت نے 27 ، شریاس ایئر نے 22 اور پانڈیا نے 15 رنز کی اننگ کھیلی۔