مساجد میں دینی کیساتھ فنی، اخلاقی قانونی تعلیم بھی دینی چاہیے: مجیب الرحمن شامی 

مساجد میں دینی کیساتھ فنی، اخلاقی قانونی تعلیم بھی دینی چاہیے: مجیب الرحمن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد(سپیشل رپورٹر)معروف تجزیہ کار و چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے فیصل آباد میں علماء تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو صرف دینی تعلیم تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ مساجد میں دینی و دنیاوی‘فنی‘ اخلاقی اور قانونی تعلیم بھی دینی چاہیے تاکہ یتیم‘ بے سہارا‘نادار لوگوں کے بچے بھی تعلیم سے مستفید ہو سکیں اور معاشرے کے اچھے شہری بن کر ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکیں۔ ہمارے ملک کے (بقیہ نمبر23صفحہ12پر)


علماء کو چاہیے کہ وہ مساجد میں فرقہ واریت کو فروغ دینے کی بجائے خاتمے کے لئے کام کریں۔ تاکہ کسی بھی فرقہ کی مسجد میں کسی بھی فرقہ سے تعلق رکھنے والا نماز پڑھ سکے۔ مساجد میں ڈسپنسری قائم کی جائے تاکہ لوگوں کو بروقت فرسٹ ایڈ فراہم کی جا سکے۔ مساجد میں امن کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ لوگوں کے درمیان ہونے والے جھگڑوں اور  غلط فہمیوں فہمیوں کا فوری طور پر ازالہ کیا جا سکے۔ مساجد میں نادار اور یتیم بچوں کو بنیادی تعلیم بھی دی جائے تاکہ وہ بچے بھی دینی و دنیاوی تعلیم سے روشناس ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام مساجد میں نوجوانوں کوقانون  سے متعلق آگاہی دیں۔ ڈرائیونگ لائسنس بنانے‘ قانون کے مطابق موٹرسائیکل‘ کار چلانے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے منع کریں اور لوگوں کی اخلاقی تربیت کریں کہ بچوں کو بزرگوں کو ادب کرنے کی تلقین کریں اور بزرگوں کو بچوں سے شفقت کرنے کی تعلیم دیں۔ مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ مساجد میں مردے کو غسل دینے اور نماز جنازہ کا انتظام ہونے کے ساتھ ساتھ قرآن خوانی کے بعد 3روزہ سوگ مساجد کے اندر منانے کا اہتمام کیا جائے اور ایصال ثواب کے لئے آنے والے مساجدمیں تشریف لائیں اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت مساجد میں ہی کریں۔علماء کرام مساجد سے نکل کر عوام سے رابطہ کریں اور انہیں ہمارے پیارے نبی کریمؐ کی سیرت اور زندگی کے متعلق بیان دیں تاکہ عوام اسلام کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کو ترجیح دیں اور یہ تمام فرقہ واریت سے بالاتر ہو کرکریں۔علماء تربیتی سیمینار عبدالرحمن حفیظ‘محمد سلیم صابری‘ حافظ محمد سعید فاروقی‘عبدالاعلیٰ درانی‘ مولانا یونس بٹ‘ مولانا محمد خالدسیف‘مولانا نجیب اللہ طارق‘ ڈاکٹر عتیق الرحمن‘سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد انچارج ایجوکیشن یونٹ وقاص علی نے بھی خطاب کیا۔اس سیمینار کو مکتبہ طارق اکیڈمی/ماہنامہ علم و آگہی کے زیراہتمام منعقد کیا گیا تھا جس میں اب تک مساجد مکتبہ طارق اکیڈمی نے جتنے بھی پروگرام اور انتظامات کئے ہیں ان کے متعلق بھی بتایا گیا۔
مجیب الرحمن شامی