ملکی استحکام کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘ مظہر سعید کاظمی
کبیروالا(تحصیل رپورٹر) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے جامعہ محمدیہ رضویہ ظفر العلوم چوپڑہٹہ کے سالانہ جلسہ دستار فضلیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اہل سنت ملکی استحکام کے خلاف کسی قسم کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشت گردی کے خاتمہ،قیام امن اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے پاک فوج کے(بقیہ نمبر10صفحہ12پر)
ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رسول کریم ؐ کی محبت ایمان کا جوہر ہے، حُبّ رسول ؐمسلمانوں کے لیے ایمان و یقین کا سرچشمہ اور آخرت کے لیے بہترین ذخیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ؐ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی، جو انسان کامل، ہادی عالم اور وجہ تخلیق کائنات ہیں، ماہ ربیع الاول میں ہی حضورانور سرور کونین حضرت محمدؐ کو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بھیجا گیا۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کے لئے نمونہ بن کر آئے، وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ؐ منانے سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اوردونوں جہانوں کی خوشیا ں حاصل ہوتی ہیں آپؐ کایوم ولادت منا کر اہل ایمان نہ صرف اپنے دین و ایمان اور قلب وروح کی تازگی کا سامان کرتے ہیں بلکہ رحمت العالمین ؐ کی آمدباسعادت پر خوشیاں مناتے ہیں اور اس احسان ِ عظیم پر اللہ پاک کا شکر بجا لاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ذکر مصطفیٰ ؐ کو عظمتیں اور رفعتیں عطاکی ہیں۔ممتاز عالم دیں مولانامفتی عبدالحمید چشتی نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر اہل ایمان کا جشن اور خوشیاں منانا مذہبی شعائرمیں سے ہے،کسی بھی مسلمان کا ایمان اُس وقت تک کامل نہیں ہوتا جب تک وہ اپنے ماں باپ سے بھی بڑھ کر حضور نبی کریم ؐ سے الفت وعقیدت نہ رکھے یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی مسلمان حضور ؐ کی شان ِ اقدس میں ذرا بھر گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔علامہ غلام یٰسین حیدر القادری نے اپنے خطاب میں عقیدہ ختم نبوت ؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کے بعد نبوت و رسالت کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند ہوگیا۔ آپؐ خاتم الانبیاء اور سید المرسلین ؐ ہیں اور نبوت و رسالت کی آخری اینٹ اور آخری کڑی ہیں۔ آپؐ کی عطا کردہ شریعت‘ رشد و ہدایت کا ابدی سرچشمہ ہے،رشد و ہدایت کا سلسلہ اور ایمان سے وابستگی درحقیقت عقیدہ ختم نبوت پر ایمان سے وابستہ ہے۔ جلسہ دستار فضیلت سے،قاری محمد عمر سعیدی،مفتی عبداللطیف سعیدی،مہتمم حکیم علی شیر سعیدی،ناظم اعلیٰ قاری محمد افضل سعیدی،مولانا محمدناصر شاہ،قاری محمد اکرم چشتی،قاری محمد ابراہیم سعیدی،شیخ راشد ندیم سعیدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔آخر میں امیرجماعت اہل سنت پاکستان علامہ سید مظہر سعید کاظمی اور دیگر مشائخ عظام پیر سید ابرار حسین شاہ،میاں عبدالخالق قادری،خواجہ اللہ بخش جلال اور دیگر نے جامعہ محمدیہ رضویہ ظفر العلوم چوپڑہٹہ کے 20طلباء کو حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر انکی دستار بندی کی اور ملک ومت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
مظہر سعید