104واں ایف آئی پی ایمبیسیڈ رز پولو کپ 2019ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا 

104واں ایف آئی پی ایمبیسیڈ رز پولو کپ 2019ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا 

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈائمنڈ پینٹس نے زبردست مقابلے کے بعد ایڈیسیو کو 8-6 سے شکست دے کر گل احمد 104 واں ایف آئی پی ایمبسیڈرز پولو کپ 2019ء برائے پولو ان پنک ایونٹ جیت لیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر محمد عارف علوی تھے۔ اس موقع پر جہانگیر خان ترین،لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی اسحاق خان خاکوانی، کو چیئرمین عبدالحئی مہتہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران  اعظم حیات نون، آغا مرتضیٰ، میر شعیب احمد، عثمان حئی، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا، فیملیز اور کراؤڈ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولو میچ سے قبل نیزا بازی، ایئر شو بھی منعقد کیا گیا۔ ڈائمنڈ پینٹس اور ایڈیسیوکے درمیان میچ زبردست رہا۔ میچ کے ہیرو نوجوان کھلاڑی میر حذیفہ احمد رہے۔ پہلے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس نے دو جبکہ ایڈیسیو نے تین گول سکور کیے۔ دوسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے دو دو گول سکور کیے۔ تیسرا چکر ڈائمنڈ پینٹس کے نام رہا جنہوں نے تین گول سکور کیے جبکہ چوتھا چکر ایڈیسو کے نام رہا جنہوں نے دو گول سکور کیے۔ جیتنے والی ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے میر حذیفہ احمد نے 5 خوبصورت گول سکور کیے دیگر میں مائیک ایگن نے دو جبکہ میر شعیب احمد نے ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی ٹیم ایڈیسیو کی طرف سے ملک عاطف یار ٹوانہ نے تمام چھ گول سکور کیے۔اس طرح ڈائمنڈ پینٹس نے یہ میچ 8-6 سے جیتا۔ فائنل کے ہیرو میر حذیفہ احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کا ایمبسیڈر کپ جیت کر بہت خوشی ہوئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ زندہ دلان لاہور کو زبردست پولو کا میچ دیکھنے کو ملا۔ ٹیم فارمیشن بہت اچھی تھی جس کی وجہ سے ٹیم میچ جیتی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ نے سپانسرز گل احمد اور شوکت خانم ہسپتال کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی