پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20، بارش نے پاکستان کو یقینی شکست سے بچا لیا، میچ بے نتیجہ ختم

        پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20، بارش نے پاکستان کو یقینی شکست سے بچا لیا، میچ ...

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا۔  بارش نے پاکستان کو یقینی  شکست سے بچا لیا۔ بارش کے باعث میچ کو مقررہ 15اوورز تک محدود کر دیا گیا ، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 107رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 119رنز کا ہدف ملا۔بابراعظم 38گیندوں پر 5چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔جواب میں  آسٹریلیا  نے  3.1اوورز میں بغیر کسی نقصان کے  41رنزبنائے لیکن بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑا اور کافی دیر  تک بارش نہ رکنے کے سبب امپائرز نے میچ ختم کر دیا۔دونوں ٹیموں کے مابین  دوسرا  ٹی ٹوئنٹی (کل)منگل کو کھیلا جائے گا۔اتوار کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے  ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے  بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان صرف ایک رن پر ہی فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑگیا، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔ون ڈاون پوزیشن پر آنے والے حارث سہیل بھی کچھ نہ کرسکے اور صرف 4رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔  سرفراز کی جگہ پانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان کا ساتھ دیا اور مجموعی اسکور کو  70تک لے گئے۔ رضوان  30رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔13ویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ بارش ہوگئی، جس پر کھیل 15، 15اوورز تک محدود کردیا گیا۔ بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو رنز بنانے کی رفتار میں اضافے  کے بجائے وکٹیں گرنے کی اسپیڈ بڑھ گئی، بعد میں آنے والے آصف علی اور عماد وسیم بھی بابر اعظم کا ساتھ نہ دے سکے۔آصف نے 10رنز بنائے اور عماد وسیم کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ پاکستان نے مقررہ 15اوورز میں 107رنز بنائے، تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 15اوورز میں 119رنز کا ہدف ملا ہے۔بابراعظم 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ  آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور رچرڈسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔جواب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے اننگز جارحانہ آغاز کیا اور 3.1اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 41رنز بنائے تھے کہ میچ ایک بار پھر بارش کے باعث روک دیا گیا۔مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ڈیوڈ وارنر نے16گیندوں پر37رنز بنائے ۔ محمد عرفان کو 2اوورز میں 31رنز پڑے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی