محکمہ ماحویات کی شہریوں کو سموگ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنیکی ہدایت

      محکمہ ماحویات کی شہریوں کو سموگ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار ...

  



لاہور(سٹی رپورٹر) محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے ترجمان  اورطبی ما ہرین کے مطابق لاہور اور دوسرے بڑے شہروں میں نومبر کے دوران فضا میں سموگ برقرار رہنے کے زیادہ امکانات ہیں جس کے لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ترجمان  نے کہا کہ سموگ کی صورت میں شہری غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر سفر ضروری ہو تو ہیلمٹ اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، سموگ سے بچاؤکیلئے حفا ظتی ا اقدامات پر عمل کر کے سموگ کے مضر اثرات اور اس کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے محفو ظ رہا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے مختلف ذرائع سے آگاہی مہم کا مقصد عوام کو فضائی آلودگی وسموگ سے پیدا ہونے والے امراض اور نقصانات سے آگاہ کرنا ہے کیونکہ بظاہر نظر آنے والی دھند درحقیقت دھویں،دھند اور خطرناک زہریلی گیسوں اور گردو غبار کا مرکب ہوتی ہے جس سے سانس،آنکھوں اور جلد کی خطرناک امراض پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں کوڑے، کھیتوں کی باقیات اور ٹھوس فضلے کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے، زرعی اور میونسپل فضلہ کو ماحولیاتی معیارات کے مطابق ٹھکانے لگایا جائے،حد نگاہ میں کمی کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آلودگی کی روک تھام کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات سے مکمل تعاون اور تمام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔

طبی ماہر ڈاکٹر سدرہ نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے   باہر نہ نکلیں اور باہر جا تے ہوئے ماسک کا استعمال ضرور کریں، گھر واپسی پر آنکھوں میں تازہ پانی کے چھینٹے ماریں، کھانا ہاتھ دھو کر کھائیں بالخصوص کم عمر بچوں کو گھروں سے باہر نہ جانے دیں، شہری کوشش کریں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونیوالی آلودگی سے محفوظ رہا جا سکے، سفر سے گھر پہنچنے پر یا زیادہ دیر باہر رہنے کے بعد پانی سے منہ دھوئیں تاکہ سموگ کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1