آزادی مارچ نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دیں،پرویز ملک
لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک او جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، حکومت مخالف آزادی مارچ نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں اوران کی صفوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے، سونامی کا مطلب تباہی ہے جو اس وقت عوام بھگت رہے ہیں، نا اہل حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور عوام پریشان ہیں، قرض لے کر خوشیاں منا رہے ہیں،گیس بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، لوگوں کو نوکریاں دینے کے اعلان تو کیا گیا مگر لوگوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔ پارٹی عہدیداروں سمیت دیگرسے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے میں ناکام ہے اسی طرح عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بھی ناکام نظر آتی ہے۔انہوں نے ملک کو اقتصادی بدحالی کا شکار کیا اور دنیا میں پاکستان کو دوبارہ بھکاری بنادیا، یہ تماشہ پوری قوم دیکھ رہی ہے، ہمیں معلوم ہے کہ پی ٹی آئی عوام کا انتخاب نہیں تھی۔
اور عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے غیر منتخب لوگوں کو اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے اور مزید کررہے ہیں، یہ مصنوعی بندوبست زیادہ دیرتک نہیں چلے گا۔