تحفظ خواتین کیلئے قانون پر عملدرآ مد کرایا جائے،آشفہ ریاض
لاہور (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے انٹر پروونشیل منسٹریل گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ خواتین کے لیے پہلے سے ہی قانون سازی عمل میں آچکی ہے لیکن اب اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ان قوانین پر عملدرآمد کروایا جائے اس ضمن میں تمام متعلقہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کواپنے فرائض اداکرنے کی ضرورت ہے بچوں کی شادیوں کی روک تھام کے حوالے سے ٹھوس اور اہم قوانین کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب غریب عورتوں کامعیار زندگی بلند کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل استعمال کرتے ہوئے خواتین کو معاشی واقتصادی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔ صوبائی وزیر آشفہ ریاض نے کہا کہ ہمیں زرعی و صنعتی شعبے میں کام کرنے والی مزدور خواتین کو مردوں کے برابرمعاشی سطح پرحقوق دینے کے لیے ویمن لیبر ایکٹ متعارف کروانا ہوگا ان کے لیے کم سے کم کام کے معاوضے کا لیگل تعین کرنا ہوگا۔